پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے رابطہ کرلیا ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کی قیادت میں ایک وفد نے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں اراکینِ قومی اسمبلی شیر علی ارباب، علی خان جدون، ڈاکٹر امجد، کبیر خان، ادریس خٹک، لائق خان اور اکرام کھٹانہ بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران جنید اکبر نے کہا کہ ماضی کی طرح باہمی مشاورت سے فیصلوں کی توقع رکھتے ہیں، ملک کو درپیش مسائل کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں واضح اکثریت پی ٹی آئی کو حاصل ہے، موجودہ صورتحال میں صوبہ مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی سہیل آفریدی کو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب کرنا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبے کی سیاسی روایات کے مطابق اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور مرکزی قیادت سے بات کرنے کے بعد جواب دیا جائے گا۔






