اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے منعقدہ اسلام آباد سمپوزیم کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے عالمی و علاقائی حالات کے تناظر میں پاکستان کے فعال کردار پر روشنی ڈالی۔
جنرل شمشاد نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عزت، مکالمے اور اصولی سفارتکاری کے ذریعے شمالی و جنوبی دنیا کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوشش کرتا رہا ہے اور تصادم کے بجائے تعاون کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے فلسطین اور جموں و کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور پرامن بقائے باہمی کے نظریے سے عالمی امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔






