اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاک-افغان کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تناؤ کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام قائم کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوالالمپور کے حالیہ دورے کے دوران ملائشیا کی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور فلسطینی عوام کی فوری مدد اور غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی ہمدردی کی رسائی یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو پاک-افغان سرحد کی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان افغان سرزمین سے پیدا ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکام کو دہشت گرد نیٹ ورکس ختم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے دوحہ میں بات چیت کے دوران افغان حکام کی درخواست پر عارضی طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا اور فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سمیت تمام دہشت گرد اداروں کے خلاف کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون کی پیش کش کی۔ دونوں رہنماؤں نے آپس میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔






