راولپنڈی کے داهگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی سے وزیراعلیٰ کی ملاقات ضروری ہے، تاہم اگر ملاقات ممکن نہ ہو تو صوبے کو کابینہ کے بغیر خالی نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت نے مختصر کابینہ جلد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مکمل کابینہ کی توسیع کے لیے بعد میں بانی کی اجازت لی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خود دیکھیں گے کہ کون اہل ہے اور کون کابینہ میں شامل ہوگا، اور امید ہے کہ ہائی کورٹ کی اجازت سے ملاقات ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ خیبرپختونخوا کو کتنی بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئیں، البتہ جو گاڑیاں دی گئیں وہ اقوامِ متحدہ کے استعمال میں تھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف سیاست نہیں ہونی چاہیے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبائی استعداد بڑھائی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ خیبرپختونخوا کو بہترین گاڑیاں فراہم کرے۔ افغان مہاجرین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں واپس بھیجنے کے لیے وقت بندی ہونی چاہیے اور واپسی عزت کے ساتھ کی جائے تاکہ وہ واپس جا کر خطرہ نہ بنیں۔
بیرسٹر گوہر نے وزیرِاعظم کے بلائے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی غیرحاضری کو ایشو نہ بنانے کی بات کی اور کہا کہ سہیل آفریدی نے بانی سے ملاقات کی درخواست کی تھی جو جائز تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے اور ۷۴ اراکین اسمبلی نے ان کی درخواست پر دستخط کیے ہیں۔
این اے-۱۸ ہری پور کے ضمنی انتخاب کے بارے میں کہا گیا کہ بانی نے این اے-۱۸ میں شرکت کی اجازت دی ہے اور عمر ایوب کی اہلیہ کے کاغذات جمع کرائے جا چکے ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے حالیہ انتخابات میں شکست کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
علیمہ خان نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ بانی سے ملاقات کے لیے اُن کی آمد معمول کے مطابق ہے اور ملاقات کا سلسلہ غیرقانونی طور پر روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی اور بشریٰ بی بی کو ایک ماہ قبل رہا ہونا چاہیے تھا کیونکہ ایک گواہ جھوٹا ثابت ہو چکا ہے۔ عدالت نے توشہ خانہ کے کیس کی سماعت ۲۹ اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے، جس پر علیمہ خان نے اظہارِ حیرت کیا۔
دریں اثنا بانی کی بہنیں پیدل مارچ کرتے ہوئے گورکھ پور سے فیکٹری ناکہ تک پہنچیں جہاں پولیس نے انہیں روکا؛ بعد ازاں بہنیں کارکنوں کے ہمراہ قریبی ڈھابے پر بیٹھی ہیں۔






