اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں معزز اراکین کمیشن، سیکرٹری اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی نے نیا پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 منظور کر لیا ہے جس کی گورنر پنجاب نے بھی منظوری دے دی ہے۔ نئے قانون کے نفاذ کے بعد 2022 کا بلدیاتی ایکٹ منسوخ ہو گیا ہے، اس لیے 2022 کے تحت جاری حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی درخواست پر دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول واپس لے لیا اور صوبائی حکومت کو مزید چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے حلقہ بندیوں کا عمل روک دیا۔
اعلامیہ کے مطابق اب پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کو حلقہ بندی اور ڈیمارکیشن رولز کی تیاری کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اس مدت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
اگر مقررہ وقت میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل نہ ہوا تو الیکشن کمیشن از خود سماعت کرکے مناسب فیصلہ کرے گا۔






