سپریم کورٹ نے شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی

0
258

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے سماعت کی۔

عدالت نے شبلی فراز کی اپیل پر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا اور حکم دیا کہ ہائیکورٹ زیر التواء درخواست پر فیصلہ کرے۔ عدالت نے واضح کیا کہ وہ سینیٹ الیکشن میں مداخلت نہیں کرے گی، اس لیے خالی نشست پر انتخاب روکنے کی استدعا مسترد کی جاتی ہے۔

سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے الیکشن شیڈول معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کل اسی نشست پر الیکشن ہونا ہے۔ جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ جب آپ نے امیدوار نامزد کر دیا ہے تو پھر حکمِ امتناع کیوں مانگ رہے ہیں؟ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ امیدوار نامزد کرنا مجبوری تھی۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے مزید استفسار کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین ہونے کے ناطے آپ نے خود امیدوار نامزد کیا، تو پھر الیکشن رکوانے کی درخواست کیوں کر رہے ہیں؟ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ صرف ایک سیٹ پر الیکشن ہے اور انہیں دو آئینی مناصب سے بے آبرو کر کے نکالا گیا، اس لیے الیکشن روکنے کی استدعا کی۔

سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے کیس کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کرنے کا فیصلہ بھی ختم کرتے ہوئے ہائیکورٹ کو فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا