لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اپنے خلاف درج تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔ عدالت میں عمران خان کی جانب سے آج بھی کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
سماعت کے دوران عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر 107 مقدمات درج ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں عمران خان کی جانب سے کسی وکیل کی غیر موجودگی پر عدالت نے درخواست کو خارج کر دیا۔
واضح رہے کہ یہ درخواست عمران خان نے 2023 میں دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں ان کے خلاف درج مقدمات کو یکجا کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
عدالت کے فیصلے کے بعد عمران خان کے مقدمات کو الگ الگ ہی زیر سماعت رکھا جائے گا اور تمام قانونی کارروائیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔






