کراچی: شہر قائد میں حال ہی میں نافذ ہونے والے جدید فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام نے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی گاڑی کا بھی چالان جاری کر دیا۔ چالان لیاری ایکسپریس وے سے گارڈن انٹر چینج اترتے ہوئے ڈرائیور کی جانب سے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزی پر 10 ہزار روپے کا کاٹا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کی گاڑی ان کا اسکواڈ لے کر گارڈن ہیڈ کوارٹر جا رہی تھی، جبکہ خود ڈی آئی جی ٹریفک اس وقت گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ چالان گاڑی کے ڈرائیور پر عائد کیا گیا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ قانون سب پر یکساں طور پر لاگو ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ہمیشہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں۔
ای ٹکٹنگ نظام کے تحت شہریوں اور اہلکاروں دونوں کے لیے قوانین کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔






