فلسطینی مزاحمتی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث مغویوں کی لاشوں کی حوالگی مؤخر کر دی گئی ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جاری بمباری اور حملے یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش اور حوالگی کے عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
تنظیم نے واضح کیا کہ شرم الشیخ میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ایک اسرائیلی مغوی کی لاش حوالے کی جانی تھی، لیکن اسرائیلی اقدامات معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں رفح کراسنگ کی مسلسل بندش کو بھی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا گیا اور ضامن ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ حملے روکے جائیں اور معاہدے کی تمام شقوں پر عمل یقینی بنایا جائے۔






