اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ٹریفک پولیس اہلکار پر مبینہ تشدد کے کیس میں ملزم عاقب نعیم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ملزم کو اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کے روبرو پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
گزشتہ روز سیکٹر آئی-8 میں پیش آنے والے واقعے میں ملزم نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہنگامہ آرائی کی اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرتے ہوئے ایک اہلکار کو تھپڑ مارا، جس پر اسے موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے اہلکاروں کو گالیاں اور دھمکیاں بھی دیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ آئی نائن میں ایس آئی محمد اشفاق کی مدعیت میں دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔






