وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے جبکہ پاکستان نے سفارتی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارن سروس بہترین ہے اور ہمیشہ ملکی مفادات کا بھرپور دفاع کرتی رہی ہے۔ ان کے مطابق سفارت کاری محض تعلیم سے نہیں بلکہ تجربے اور محنت سے نکھرتی ہے، اور پاکستانی سفارتکاروں نے عالمی سطح پر ہمیشہ ملک کا نام روشن کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار پاکستان خود ہے، لیکن اس پر الزام تراشی کی گئی۔ پہلگام واقعے کے بعد بھی بھارت نے فوری طور پر پاکستان پر الزام لگایا، تاہم وزیراعظم کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کے بعد دوست ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت کی حکمت عملی کے تحت پاکستان نے اپنے سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا اور مؤثر جواب دیا۔ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان کی دفاعی فورسز نے ہر محاذ پر کامیابی حاصل کی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کوسٹ گارڈز نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا جو بھارتی ایجنسیوں کے استعمال کا اعتراف کر چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورۂ سعودی عرب میں معاشی اسٹریٹجک فریم ورک کا اجراء اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان کا ہدف بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا ہے تاکہ ملک معاشی میدان میں نئی بلندیوں کو چھو سکے۔






