لاہور (طلوع نیوز)تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر مراد راس سمیت متعدد رہنماؤں نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
مراد راس نے جہانگیرترین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات میں جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں سینئرسیاستدان عبدالعلیم خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گرا دیں، متعدد سابق ارکان اسمبلی و اہم سیاسی شخصیات نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا جن میں سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی، چشتیاں سے سابق ایم پی اے ممتاز مہروی، ساہیوال سے سابق ایم پی اے مہر ارشاد کاٹھیا، ننکانہ صاحب سے میاں عثمان اشرف، میانوالی سے میجر ریٹائرڈ خرم روکھڑی، پاکپتن سے سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی شامل ہیں۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان، اسحاق خاکوانی، عون چودھری، ملک نعمان لنگڑیال، فردوس عاشق اعوان، اجمل چیمہ، امیر حیدر سنگا اور شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ جہانگیرترین کے گروپ کی جانب سے تحریک انصاف چھوڑنے والوں اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے رابطوں میں تیزی آگئی۔ گروپ نےتحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک سمیت دیگرسے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں سے رابطے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، جس میں عون چودھری، سردار تنویرالیاس اور اسحاق خاکوانی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سیاسی رہنماؤں کوترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دے گی۔
اس سے قبل ڈیموکریٹس گروپ کے 3 اراکین راجہ یاورکمال، مامون تارڑ، رائے اسلم نے جہانگیرترین سے ملاقات کی اوران کی قیادت پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔






