آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہو گی

0
97

مظفر آباد: آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہوگی۔

پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے اپنے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 35 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔

رائے شماری کے لیے اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 3 بجے مظفر آباد میں طلب کیا گیا ہے، جبکہ تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کو سادہ اکثریت حاصل ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے بھی تحریک عدم اعتماد کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد میں ووٹ دیں گے، تاہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کے مطابق پارٹی ایوان میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک 14 نومبر کو ارکان اسمبلی چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، ملک ظفر اقبال، علی شان سونی اور محمد رفیق نیئر نے جمع کروائی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کو عہدے سے مستعفی ہونے کا پیغام بھی بھجوایا گیا تھا، تاہم انہوں نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔ گزشتہ ماہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دی تھی۔

آزاد کشمیر کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے، اور وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 27 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے 26 اکتوبر کو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ڈنر کا اہتمام کیا تھا، جس میں قانون ساز اسمبلی کے 27 ارکان نے شرکت کی۔ اسی روز پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 10 وزرا فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے، جس کے بعد پیپلز پارٹی کو ایوان میں سادہ اکثریت حاصل ہو گئی۔

فی الحال انوار الحق گروپ کے پاس صرف 7 ارکان ہیں، تحریک انصاف کے پاس 5، جبکہ مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی کے پاس ایک، ایک نشست موجود ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا