دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابلِ فخر، ہر حال میں امن قائم رکھیں گے:سہیل آفریدی

0
697

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا سیاست میں کام نہیں ہے، وہ بھی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، جبکہ انصاف کے ادارے اپنا فرض پورے طریقے سے ادا نہیں کر پاتے، جس سے حالات خراب ہوتے ہیں۔

پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی ہیں اور خیبر پختونخوا گزشتہ چار دہائیوں سے دہشت گردی کی زد میں رہا ہے۔ یہاں پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس اور سول انتظامیہ کی قربانیوں کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو جوانمردی آپ دہشت گردوں کے مقابلے میں دکھا رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ اللہ کی رضا اور عوام کے مفاد کے لیے لڑیں گے تو جیت ہماری ہوگی۔ خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن قائم رکھیں گے اور بند کمروں میں کیے جانے والے فیصلے مزید قبول نہیں ہوں گے۔

سہیل آفریدی نے بتایا کہ پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کو جدید ترین ٹیکنالوجی ہنگامی بنیادوں پر دی جا رہی ہے، اور وسائل کی کمی کو سیکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ شہید سول سرونٹس کے اہل خانہ کے لیے خصوصی پالیسی بنائی جائے گی اور افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، تاہم نتائج دینا ضروری ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی گئی ہے اور سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز سے ناپی جائے گی۔ ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔

تقریب میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل آف پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے افسران، پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کے لیے فیصلے کرنا ان کا بنیادی مقصد ہے اور عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا