متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے

0
736

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے، اور معزز مہمان کا پروقار استقبال کیا گیا۔

فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت وفاقی وزراء نے صدر شیخ محمد بن زاید کا نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

صدر شیخ محمد بن زاید نے وفاقی وزراء سے بالمشافہ ملاقات کی اور پاکستان کی مختلف ثقافتوں کے نمائندہ بچوں اور بچیوں سے اظہار شفقت کیا۔ یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ پاکستان میں اس اہم دورے کے پیش نظر اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس بھی بند رہیں گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کا یہ پہلا سرکاری دورہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم پیشرفت کا باعث بن سکتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا