بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر بھیجے گئے تہنیتی پیغام اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بی این پی نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات ایک مشترکہ تاریخ کے حامل ہیں، جس میں چیلنجز اور تعاون دونوں پہلو شامل رہے ہیں۔ تاہم دونوں ممالک کے عوام نے ہمیشہ مکالمے، باہمی احترام اور علاقائی روابط کو اہمیت دی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بی این پی کو امید ہے کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ہوگا۔ پارٹی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔





