وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آج امتِ مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے سوگوار دن ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ہر پاکستانی ایرانی عوام کی طرح غمزدہ ہے۔
محسن نقوی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور اپنے جذبات کا اظہار پُرامن انداز میں کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے۔
وزیرِ داخلہ نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ریڈ زون، ڈپلومیٹک انکلیو سمیت اہم مقامات پر امنِ عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل اور جامع ہونے چاہئیں اور روزمرہ معمولاتِ زندگی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیرِ داخلہ کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے بھی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار پُرامن طریقے سے کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور یہ دکھ مشترکہ جدوجہد سے کم ہوگا۔





