پاک-افغان سرحدی علاقوں میں افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن “غضب للحق” کے تحت افواجِ پاکستان کی زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران وزیرستان میں دشمن کی متعدد پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی کئی پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دشمن کو شدید نقصان اٹھانا پڑا اور وہ اپنی کئی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی مؤثر حکمت عملی کے باعث افغان طالبان کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ باقی عناصر پسپائی اختیار کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
بعد ازاں شمالی اور جنوبی وزیرستان میں افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے خلاف مشترکہ زمینی اور فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں، جن کے نتیجے میں دشمن کی مزید پوسٹیں تباہ ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں میں متعدد شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ دیگر اپنے مورچے چھوڑ کر بھاگ گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے بھرپور اور مؤثر جواب کے باعث دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن “غضب للحق” تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔





