کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بات تو کرتی ہے لیکن انتخابات سے گریز کرتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت نے سینٹ پیٹرک اسکول میں گراؤنڈ کی تعمیر اور مزارات و مذہبی مقامات پر ترقیاتی کاموں کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام کی بات کرنے والی جماعت خود انتخابات سے بھاگتی ہے، جبکہ فاروق ستار کے بیانات کو اہمیت نہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان دنوں پریشان ہیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق سندھ بھر میں تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کل سے بحال ہو جائے گا، جہاں آن لائن کے بجائے فزیکل کلاسز ہوں گی، جبکہ ہفتے میں دو دن تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ گھوٹکی، کشمور، شکارپور اور دیگر اضلاع کے کچے کے علاقوں میں جاری “آپریشن نجات مہران” کے نتیجے میں متعدد خطرناک ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 393 ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا، جبکہ سکھر سے بہاولپور تک کا پہلے مشکل سمجھا جانے والا سفر اب محفوظ ہو چکا ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق کندھ کوٹ اور جیکب آباد میں انسداد دہشتگردی عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کے لیے درخواست دی گئی ہے۔ دادو سیشن کورٹ میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر انہوں نے کہا کہ حکام نے کوشش کی کہ کسی بھی فریق کو نقصان نہ پہنچے، تاہم فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔






