تہران: ایرانی افواج کے جنرل اسٹاف کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شیکرچی نے کہا ہے کہ ایران کی جنگی حکمت عملی کا بنیادی مقصد خطے سے امریکی افواج کا انخلا یقینی بنانا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیکرچی نے کہا کہ ایران خطے کو امریکی فوجی اہلکاروں کے لیے ناقابل برداشت بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس مقصد کے لیے مسلسل دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران امریکی افواج پر اس وقت تک دباؤ ڈالتا رہے گا جب تک وہ خطے سے نکل نہیں جاتے، جبکہ امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔
ترجمان کے مطابق امریکی فوجیوں کو حملوں کے خوف کے باعث مختلف مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی ممکنہ امریکی زمینی کارروائی کو ایران “قتل گاہ” میں تبدیل کر دے گا تاکہ دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ گزرگاہ امریکی اور اسرائیلی جہازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے اور انہیں کسی صورت رسائی نہیں دی جائے گی۔





