عید پر 3 لاکھ 76 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائیں، ہر صفائی ورکر کو 10 ہزار روپے انعام ملے گا: مریم اورنگزیب

0
140

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ہر ورکر کو 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

لاہور میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ پر صفائی کے حوالے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ صفائی مانیٹرنگ کیلئے پہلی مرتبہ ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دوران صفائی آپریشن مثالی رہا اور ستھرا پنجاب پروگرام سوشل میڈیا پر پاکستان بھر میں ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔ صفائی مہم میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز نے حصہ لیا جبکہ مویشی منڈیوں کی صفائی اور نگرانی بھی مؤثر انداز میں کی گئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عید کے روز سرجری ہوئی تھی، تاہم وہ سرجری کے باوجود صفائی آپریشن کی نگرانی کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی یو سے باہر آنے کے بعد وزیراعلیٰ کا پہلا سوال عوامی سہولتوں اور صفائی کے نظام کے بارے میں تھا۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی سرجری کامیاب رہی ہے اور وہ اب صحت مند ہیں، جبکہ وہ علاج کیلئے کسی دوسرے ملک نہیں جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت دیگر صوبوں میں بھی اسی نوعیت کی صفائی سہولیات ہونی چاہئیں اور اگر کوئی صوبہ اچھا کام کر رہا ہے تو دوسروں کو بھی اس سے سیکھنا چاہیے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق آئندہ سال یونین کونسل کی سطح پر مذبح خانے قائم کرنے کیلئے محکمہ بلدیات کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا