پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی جماعت کے ناراض اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کرنے اور انہیں منانے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ رات گئے رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی نے متعدد ناراض اراکین اسمبلی سے ٹیلیفونک رابطے بھی کیے، جبکہ کئی ارکان نے اپنے تحفظات سے متعلق پارٹی کی مرکزی قیادت کو بھی آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ ناراض ارکان کے تحفظات دور کیے جائیں اور انہیں مناسب انداز میں ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ پارٹی میں اتحاد برقرار رہے۔
دوسری جانب عبدالغنی آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ ملاقات میں ضلع خیبر کی مجموعی ترقی، عوامی مسائل اور ان کے حل کیلئے جاری اور مجوزہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مختلف امور بھی زیر غور آئے۔






