۔200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے مستحق صارفین کی سبسڈی برقرار رہے گی، اویس لغاری

0
321

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے مستحق صارفین کو دی جانے والی سبسڈی ختم نہیں کی جا رہی، بلکہ کیو آر کوڈ نظام کے ذریعے اسے مزید شفاف بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بجلی صارفین کے میٹرز کو کیو آر کوڈ سے منسلک کیا جائے گا اور اسی ڈیٹا کی بنیاد پر سبسڈی کے مستحق افراد کا تعین کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس وقت 2 کروڑ 15 لاکھ سے زائد صارفین بجلی پر سبسڈی حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض صارفین بڑے سولر سسٹم نصب کرکے اپنی کھپت 200 یونٹ سے کم ظاہر کرتے ہیں، جس کے باعث سبسڈی کا اضافی بوجھ دیگر صارفین پر منتقل ہو جاتا ہے۔ کیو آر کوڈ سسٹم کا مقصد حقیقی مستحقین تک سبسڈی پہنچانا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ بجلی سبسڈی کا حجم 199 ارب روپے سے بڑھ کر 423 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ زرعی اور گھریلو شعبے کو مجموعی طور پر 527 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ توانائی شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی سے 3500 ارب روپے اور ڈسکوز کے نقصانات میں کمی سے 193 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مالی سال 2024-25 میں سرکلر ڈیٹ میں 780 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مارچ 2024 سے مئی 2026 تک مختلف کیٹیگریز کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جبکہ پروٹیکٹڈ صارفین کے نرخوں میں 31 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی وزیر توانائی نے واضح کیا کہ حکومت سولر توانائی کی حوصلہ شکنی نہیں کر رہی بلکہ نظام کو مزید شفاف بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق نیٹ میٹرنگ ختم نہیں کی گئی، صرف بلنگ کے طریقہ کار میں اصلاحات کی گئی ہیں تاکہ تمام صارفین کے مفادات میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت 36 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، جبکہ عوام گرڈ اور آف گرڈ سولر منصوبوں میں 50 ہزار میگاواٹ تک سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا