اسلام آباد ایئرپورٹ سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا، جس کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایف آئی اے کے ڈیجیٹائزیشن اقدامات، انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اے آئی بیسڈ ایپ پر بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس اقدام سے مسافروں کو قطاروں سے نجات ملے گی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ہیڈکوارٹر کی فوری اپ گریڈیشن، ایف آئی اے اکیڈمی کی نئی اراضی کی الاٹمنٹ اور خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں کی ہدایت دی، ساتھ ہی مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے راجہ رفعت مختار نے بتایا کہ ایف آئی اے ایکٹ میں ترامیم مکمل ہو چکی ہیں، ادارے کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور نوٹسز کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔ اجلاس میں تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور زونل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔






