اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیب کیس میں 3 سال قید کی سزا کاٹنے والے سابق ڈپٹی سیکرٹری سردار حسین کو الزامات سے بری کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے 14 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جو جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم سردار حسین پہلے ہی اپنی سزا مکمل کرچکے ہیں اور ان کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں بنتا۔ بوگس چیک بنانے کا اعتراف بینک کے کیشیئر نے خود کیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق سردار حسین کے خلاف مالی فوائد حاصل کرنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کے خاندان کے کسی فرد پر مالی فائدہ لینے کے شواہد ملے ہیں۔ عدالت نے ملزم کو الزامات سے بری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کو کالعدم قرار دے دیا۔






