کولمبو: سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ان کے خلاف مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق 76 سالہ وکرما سنگھے پر الزام ہے کہ انہوں نے 2023 میں اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا دورہ کیا اور اس مقصد کے لیے ریاستی وسائل استعمال کیے۔ یہ دورہ اس وقت کیا گیا جب وہ کیوبا میں منعقدہ جی77 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آرہے تھے۔
سابق صدر کے دفتر نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اہلیہ کے تمام اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے اور کوئی سرکاری فنڈ استعمال نہیں کیا گیا۔ تاہم کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ وکرما سنگھے نے اس نجی دورے کے لیے حکومتی رقم استعمال کی جبکہ ان کے باڈی گارڈز کے اخراجات بھی ریاست نے ادا کیے۔ پولیس کے مطابق اس معاملے میں وکرما سنگھے کے تین قریبی سابقہ مشیروں سے بھی تفتیش کی گئی ہے اور رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ برطانیہ کی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔






