پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو کے گاؤں خیر محمد بروہی میں سیلاب متاثرین کے لیے بنائے گئے اور زیرتعمیر گھروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ فریال تالپور کے ہمراہ تعلقہ رتو ڈیرو کے گاؤں زنگیجا بھی گئے، جہاں انہوں نے شہید پولیس سپاہی کے گھر جا کر ورثا سے تعزیت کی۔ بعدازاں بلاول بھٹو یونین کونسل وارث ڈنو پہنچے اور سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے منصوبے کے تحت مکمل اور زیرتعمیر گھروں کا جائزہ لیا۔
گاؤں خیر محمد بروہی میں انہوں نے مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حل کے لیے فوری ہدایات جاری کیں۔ چیئرمین پی پی نے اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو بنائے گئے مکانات کے مالکانہ حقوق کی اسناد بھی تقسیم کیں۔






