لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام شیر کی جیت کے لیے تیار ہو جائیں، 2018 کا الیکشن ثاقب نثار اور گٹھ جوڑ نے چرایا تھا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ بہترین نمائندے عوام کے پاس بھیجے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کا گند سمیٹنا پڑا، پاکستان دیوالیہ کے قریب تھا، آئی ایم ایف کو ملک میں عمران خان لے کر آئے، نواز شریف اور شہباز شریف نے اسے خیر باد کہا تھا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو دوبارہ کون لے کر آیا، انہوں نے پارلیمان پر حملے کیے اور جمہوریت کو دفن کیا، الیکشن سب کے لیے کھلا ہوگا، کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، مگر نتائج تسلیم کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیم نہ بننے سے بجلی مہنگی ہے، ایک ٹولا ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے لیکن ہمارا پیغام محبت ہے۔






