گیارہویں این ایف سی اجلاس 29 اگست کو طلب، مالی وسائل کی تقسیم پر اہم فیصلے متوقع

0
175

اسلام آباد: مرکز اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم کے فارمولے پر غور کے لیے گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) اجلاس 29 اگست کو طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اجلاس میں قرضوں پر سود کی ادائیگی، انسدادِ دہشت گردی کے اخراجات، بی آئی ایس پی اور دفاعی بجٹ سے متعلق اعداد و شمار صوبوں کے سامنے رکھے گی۔ وزارتی کمیٹی آئندہ این ایف سی ایوارڈ کے لیے حکمت عملی پہلے ہی وضع کر چکی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اجلاس ہنگامہ خیز ہوگا اور قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ پر اتفاق رائے کے لیے سخت بحث متوقع ہے۔ یاد رہے کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ 50 فیصد سے بڑھا کر 57.5 فیصد کر دیا گیا تھا جبکہ مرکز کا حصہ کم ہو کر 42.5 فیصد رہ گیا تھا۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس سے قبل 10 این ایف سی کمیشن تشکیل دیے گئے، لیکن صرف 4 نتیجہ خیز ثابت ہوئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے تشکیل دیے گئے گیارہویں این ایف سی میں وزیر خزانہ بطور سربراہ، چاروں صوبائی وزرائے خزانہ بطور رکن شامل ہوں گے جبکہ صوبوں سے ایک ایک ماہر بھی نمائندگی کرے گا، یوں کمیشن کے ارکان کی کل تعداد 9 ہوگی۔

پنجاب کی نمائندگی ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے اسد سعید، خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول اور بلوچستان سے فرمان اللہ بطور ماہر کریں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا