بھارت کی ریاست پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں جالندھر روڈ پر خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں مسافر وین اور ایل پی جی ٹینکر آپس میں ٹکرا گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایل پی جی ٹینکر سڑک پر مُڑنے کی کوشش کر رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی وین اس سے ٹکرا گئی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑیوں میں فوراً آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق جھلسنے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم سات افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ حادثے نے علاقے میں کہرام مچا دیا اور لواحقین غم سے نڈھال ہوگئے۔





