پاک چین تعلقات: پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون، چینی وزیر خارجہ

0
207

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی کی مضبوط محافظ ہے۔ وہ پاکستان کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم معاہدوں اور اتفاقِ رائے پر بھرپور عملدرآمد کیا ہے۔ ان کے مطابق دنیا میں بڑھتے غیر یقینی حالات کے باوجود پاک چین تعلقات کو مزید فروغ دینا علاقائی امن اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

وانگ ژی نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے، کڑے امتحانات کے باوجود تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، اور دونوں ملک ایک دیرینہ روایتی دوستی قائم کر چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی امور میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ چین پاکستان کا “آہنی دوست” ہے، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور پوری قوم چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے پر متفق ہے۔

آرمی چیف نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چین کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فعال بنانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا