ڈھاکا: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی، جس میں پاک-بنگلہ دیش تعلقات کی بحالی، نوجوانوں کے درمیان روابط اور خطے میں کنیکٹیویٹی بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور بنگلادیشی حکومت کی بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں خطے کی حالیہ صورتحال اور علاقائی تعاون کے امکانات پر بھی بات ہوئی۔
اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و اقتصادی تعاون، ثقافتی تبادلے، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے مسائل پر بات کی۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ 13 سال بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بنگلادیش ہے، جو بنگلادیشی حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ اس دوران وہ بنگلادیشی قیادت سے مزید اہم ملاقاتیں کریں گے۔





