قاہرہ – ترجمان پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ کے مطابق غزہ کے عوام کے لیے پاکستان کی امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔
اس امدادی پرواز کو وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر روانہ کیا گیا اور چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 100 ٹن امدادی سامان مصر پہنچا۔
پاکستانی سفیر عامر شوکت نے امدادی سامان وصول کیا اور اسے مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا تاکہ غزہ میں فلسطینی شہریوں تک پہنچایا جا سکے۔ اس موقع پر شمالی سینا گورنریٹ کے ڈپٹی گورنر جنرل عاصم بھی موجود تھے اور انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی امداد کو سراہا۔
اب تک پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے 21 امدادی کھیپ روانہ کی جا چکی ہیں، جن کی مجموعی مقدار 2027 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔





