کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 کان کن دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مزدور زیرِ زمین کان میں کام میں مصروف تھے کہ اچانک زہریلی گیس بھر گئی، جس سے وہ بے ہوش ہوگئے اور موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق مزدوروں میں ایک کا تعلق کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن جبکہ دو کا تعلق مری آباد علمدار روڈ سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے، جبکہ چیف انسپکٹر مائنز اینڈ منرل عبدالغنی نے کان کا معائنہ کرکے حادثے کی نوعیت اور ابتدائی وجوہات کا جائزہ لیا۔






