پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت جاری کردی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ کئی ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو اہم سیاسی ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو واضح پیغام دیا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیا جائے کیونکہ اس سے موجودہ نظام کو قانونی جواز فراہم ہوگا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت، آنکھ کے علاج، بشریٰ بی بی کی صورتحال اور رہنماؤں کی گرفتاریوں پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر سمیت وکلاء کو ہدایات دیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے افسوس اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے چند روز قبل ضمنی انتخابات کے لیے دو امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔






