نارووال: وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے، جس کے نتیجے میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بھارت نے آبی جارحیت کی ہے، اور اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ ورکنگ انفارمیشن شیئر کرتا تو نقصان کم ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان کی طرف بھیج رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جا سکے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل نارووال کا دورہ کریں گے تاکہ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نارووال تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، سڑکوں پر پانی کی سطح 6 سے 8 فٹ تک پہنچ چکی ہے، اور ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہو چکی ہے جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا، یہ وہ آفت ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں، اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں صف بندی کرنی ہوگی۔






