غزہ: صیہونی فوج کے حملے نہ رک سکے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 71 فلسطینی شہید جبکہ 339 زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق رفح پر اسرائیلی نیول بوٹس نے گولہ باری کی، نصیرات کیمپ پر توپ خانے سے حملے کیے گئے اور الشاطی میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ بھوک کی شدت سے دو بچوں سمیت مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد قحط سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 317 ہو گئی ہے جن میں 121 بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس کے مطابق اسرائیل نے رواں ماہ کے آغاز میں غزہ سٹی پر قبضے کے لیے زمینی کارروائی شروع کی جس کے نتیجے میں زیتون کے علاقے میں 1,500 سے زائد مکانات تباہ ہو گئے۔ ریسکیو سروس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ محلے کے جنوبی حصے میں کوئی عمارت باقی نہیں بچی اور ہتھیاروں کے استعمال نے تباہی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔





