کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن کاروبار کے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کے تحت آن لائن کاروبار کرنے والے ہر ادارے کو ماہانہ مالیاتی رپورٹ جمع کرانی ہوگی۔
ایس آر او کے مطابق ادارے فارم اے 1 اور فارم اے 2 پر مالی تفصیلات جمع کریں گے، جس میں این ٹی این، بینک اکاؤنٹ اور فروخت کنندہ کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ ملک بھر کی کوریئر سروس کمپنیوں کو ہر سہ ماہ بعد مالی رپورٹ ایف بی آر میں جمع کرانی ہوگی جبکہ آن لائن مالی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو علیحدہ فارم میں سروسز پر ٹیکس کی تفصیلات دینا ہوں گی۔ ٹیکس تفصیلات کے ساتھ حلفیہ بیان بھی جمع کروانا لازمی ہوگا۔ ایف بی آر نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز ترمیم شدہ ڈرافٹ پر سات روز میں آراء دے سکتے ہیں۔





