وزیر آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور پاک فوج امدادی کارروائیوں میں شریک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے اور نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ پیشگی اطلاعات اور بروقت انتظامات سے بڑے نقصان سے بچا گیا، اور متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے اور آبی گزرگاہوں کے اردگرد تعمیرات کو روکنا لازمی ہے۔ مال مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی اور کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیرآباد نے موثر اقدامات کیے، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو معاوضہ نہیں ملے گا۔





