اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور پاکستان میں مطلوب امریکی شہریوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بارڈر سیکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھانے کے لیے تعاون کا بیان خوش آئند ہے، اور امریکی سرمایہ کار مختلف شعبوں بشمول تیل میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دینے کا اظہار کیا اور خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس بھی ظاہر کیا۔





