پنجاب میں سیلاب سے تباہی، سوا 6 لاکھ افراد کا بروقت انخلا ہوا، حکام

0
118

لاہور: پنجاب میں سیلاب سے پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال کے حوالے سے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں سوا 6 لاکھ افراد کا بروقت انخلا کیا گیا جبکہ لاکھوں افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز بارش کے دوران پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس پہنچیں جہاں انہوں نے کنٹرول روم میں صوبے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ڈپٹی کمشنرز نے انہیں مختلف اضلاع میں جاری ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج کے مختلف مقامات پر پانی کی سطح کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اب تک 5 لاکھ 97 ہزار افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ کئی اضلاع میں ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کھانا اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق حافظ آباد میں 120 گاؤں، چنیوٹ میں 146 موضع، جھنگ میں 411 گاؤں، اوکاڑہ میں 35 گاؤں، اور دیگر اضلاع میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ صرف جھنگ میں 2 لاکھ 70 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 62 ہزار آبادی محفوظ مقامات پر منتقل کی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے بند ٹوٹنے کے بعد 35 ہزار افراد کو راتوں رات محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریسکیو آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا اور متاثرین کی نشاندہی میں ڈرون کے استعمال کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ریلیف اور بحالی کا عمل مزید تیز کیا جائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا