شارجہ میں کھیلی جانے والی تین ملکی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن نواز نے 56 رنز اسکور کیے۔ آل راؤنڈر محمد نواز نے 25 رنز کا اضافہ کیا۔
یو اے ای کی جانب سے صغیر خان اور جنید صدیقی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ حیدر علی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے آج کے میچ میں حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا ہے، جن کی جگہ حسن علی اور سلمان مرزا کو موقع دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اس سے قبل صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا گیا تھا، جو 2016 کے ایشیا کپ میں میرپور میں ہوا تھا اور پاکستان نے وہ میچ 7 وکٹوں سے جیتا تھا۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی۔






