پی ٹی آئی رہنما بجاش خان نیازی نے اپنی ہی جماعت کے سینئر رہنما حماد اظہر کے خلاف این اے 129 سے انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا۔
بجاش خان نیازی نے الزام لگایا کہ حماد اظہر 2013 میں این اے 129 سے الیکشن لڑے، 2018 میں کامیاب ہونے کے بعد حلقے سے غائب ہو گئے اور 9 مئی 2023 کے بعد بھی دوبارہ منظر سے اوجھل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حماد اظہر اس حلقے میں خاندانی سیاست کر رہے ہیں اور اپنے کزن سمیت کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔ “کیا پی ٹی آئی کے پاس میاں اظہر خاندان کے علاوہ کوئی اور امیدوار نہیں؟”
بجاش خان نیازی نے مزید کہا کہ حماد اظہر دعویٰ کرتے ہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے انہیں ٹکٹ دیا ہے، لیکن بانی پارٹی کی تو اڈیالہ میں کسی سے ملاقات ہی نہیں ہو رہی۔ “میں ہی تحریک انصاف کا حقیقی امیدوار ہوں۔”
انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں ووٹ دیں اور الزام لگایا کہ حماد اظہر کارکنوں کی حق تلفی کر کے یہ نشست مسلم لیگ (ن) کو تحفے میں دینا چاہتے ہیں۔






