وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز آج سے پورے پاکستان میں بند کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملازمین کے لیے 19.5 ارب روپے کا پیکیج رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے 11 ہزار 614 ملازمین کو یہ پیکیج دیا جائے گا اور پورے پاکستان میں سٹورز کی پراپرٹیز کو بھی نیلام کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر ملازمین کو 28 ارب روپے کا پیکیج دیا جا رہا ہے، جس میں ریگولر ملازمین کے لیے 13.18 ارب، کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 3.6 ارب اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لیے 2 ارب روپے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر ماہ 60 کروڑ روپے کا نقصان ہونے کی وجہ سے ادارہ بند کرنا پڑا، اور یہ فیصلہ دل گرفتہ ہونے کے باوجود کیا گیا تاکہ ملازمین کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔






