اسلام آباد: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خاص طور پر وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، شردھا، حویلی اور کوٹلی میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شہری و نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز بہاؤ کی صورت میں پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے نہ گزریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ متعلقہ ادارے بروقت آگاہی اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔
حکام نے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے، تاکہ ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے دوران نقصان کم سے کم کیا جا سکے۔






