نیپال، تبت سرحد پر تباہ کن سیلاب، 22 افراد ہلاک، 384 سیاح لاپتا

0
514

نیپال اور چین کے علاقے تبت کی سرحد پر مٹی اور چٹانیں دریا میں گرنے کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، حادثے میں کم از کم 22 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں سیاح لاپتا ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سیلابی ریلے نے نیپال اور تبت کے سرحدی علاقوں میں مکانات، سڑکوں، گاڑیوں، بجلی کے منصوبوں اور دیگر بنیادی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں متعدد افراد کو سیلابی ریلے سے جان بچا کر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

نیپال کی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق متاثرہ علاقے میں کم از کم 384 سیاح لاپتا ہیں، جن میں 105 بھارتی، 93 نیپالی، 12 برطانوی اور 3 امریکی شہری شامل ہیں۔ جنوبی کوریا کے 8 شہریوں کے بھی لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایک پولیس اہلکار کے مطابق سیلاب کے بعد اب تک 22 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، تاہم حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

چینی حکام کے مطابق سرحدی گزرگاہ کے قریب مٹی کا تودہ گرنے سے گیرونگ کاؤنٹی میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ گیرونگ پورٹ متاثر ہونے کے ساتھ سڑکوں، مواصلاتی نظام اور بجلی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق متاثرہ علاقے میں 574 امدادی کارکن تعینات کیے گئے ہیں۔ امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ کئی مقامات پر مٹی اور ملبے کی تقریباً 5 فٹ موٹی تہہ جمع ہوگئی ہے، جس کے باعث امدادی کارکنوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ رہے ہیں۔

ادھر نیپال میں سیلاب کے باعث کئی مکانات، سڑکیں اور بجلی کے منصوبے بھی بہہ گئے۔ صورتحال کے پیش نظر بھارت کی ریاستوں اترپردیش اور بہار میں بھی سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا