لاہور: فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کو پنجاب حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے گا، جبکہ ان کے ورثا کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ فرقان احمد کینسر کے باوجود چار روز تک مسلسل سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف رہے، متاثرین کو خوراک، دوا اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔
انہوں نے مرحوم افسر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی مدد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دینے والے حقیقی ہیرو ہیں، اور فرقان احمد کی فرض شناسی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ فرقان احمد خان گزشتہ روز فلڈ ریلیف کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔






