پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کی متفقہ قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ افغان بھائیوں کی ہر ممکن مدد اسلامی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ شدید زخمیوں کو بغیر ویزا پاکستان منتقل کرکے طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور صوبہ اور وفاق باہمی تعاون کے ساتھ امدادی ٹیمیں اور طبی سامان افغانستان روانہ کریں۔ افغانستان کے صوبہ کنڑ میں گزشتہ رات 6 شدت کے زلزلے سے 800 افراد جاں بحق اور 2800 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔






