اسلام آباد: سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ ان کے دور میں پاکستان میں کرپشن نہیں ہوتی۔ انہوں نے یہ بات اپوزیشن اتحاد تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنماؤں، سینیٹر راجہ ناصر عباس اور اسد قیصر کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہی۔
زبیر عمر نے بتایا کہ گندم میں 300 ارب روپے کی کرپشن ہوئی اور اکاؤنٹنٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق چینی میں بھی اربوں روپے کی بدعنوانی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں آئی پی پیز کے معاہدوں سے 8.4 ٹریلین روپے کا بوجھ اٹھایا گیا، جس میں خریداری روپے اور واپسی ڈالرز میں ہوئی۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان مسلسل بحرانوں میں مبتلا ہے اور ملک کے سب سے بڑے مسائل میں معیشت سب سے اہم ہے، جس کے بغیر دیگر شعبے بھی ترقی نہیں کر سکتے۔





