لاہور: مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پوری دنیا میں محسوس کی جا رہی ہے اور حالیہ سیلاب میں پانی کا سکیل بہت زیادہ تھا، تاہم ٹیم ورک کے باعث جانی نقصان کم ہوا۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ستلج اور راوی خشک ہونے کے بعد وہاں غیر معمولی پانی آیا، اور حکومت کے تمام اداروں نے ایک مربوط ٹیم کے طور پر کام کیا، جس کے نتیجے میں سیلاب متاثرہ علاقوں سے لاکھوں افراد کو محفوظ نکالا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے خبردار کیا کہ ملک میں سول وار کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور 9، 24 اور 26 مئی کو ہونے والی اس نوعیت کی کوششوں سے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دھڑے کی سرگرمی کو سختی سے روکنا ضروری ہے۔ مشیر وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ 4 سال تھی، پھر 3 سال ہوئی، اور اب پانچ سال کی گئی ہے، جو 2027 میں مکمل ہوگی، اس کے بعد ایکسٹینشن کا سوال پیدا ہوگا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو قوم کے لیے فخر کا موقع دینے والا قرار دیا۔






